ملکہ الزبتھ کی آخری رسومات میں شریک عالمی رہنماؤں کو بکنگھم پیلس میں باد شاہ چارلس کی جانب سے استقبالیہ دیا گیا۔امریکی صدر جو بائیڈن ان کی اہلیہ جل بائیڈن،کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور دیگر عالمی رہنماؤں نے شرکت کی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے بھی بادشاہ چارلس سوئم کے استقبالیے میں شرکت کرتے ہوئے بادشاہ چارلس سوئم اور ان کی اہلیہ کوئین کونسورٹ کامیلا پارکر سے بھی ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ ملکہ الزبتھ دولت مشترکہ ممالک کے شہریوں کے لیے تحریک اور طاقت کا سرچشمہ تھیں، پاکستان کے عوام کی ملکہ کے پاکستان کے دو دوروں کے ساتھ خوب صورت یادیں وابستہ ہیں، شاہی خاندان اور پاکستانی قوم کے درمیان محبت کا رشتہ وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہوا ہے۔
اس کے علاوہ وزیراعظم نے بادشاہ چارلس کو تخت نشینی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے شاہ چارلس دوستی کو مزید مضبوط بنانے میں اپنی والدہ کی میراث کو آگے بڑھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام بادشاہ چارلس کی جلد آمد اور استقبال کے منتظر ہیں۔
اس کے علاوہ وزیر اعظم نے سیلاب متاثرین سے اظہار ہمدردی اور مدد پر بادشاہ چارلس کا شکریہ ادا کیا۔
خیال رہے کہ برطانیہ پر سب سے طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والی ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کا 8 ستمبر کو انتقال ہوگیا تھا اور ان کی آخری رسومات آج 19 ستمبر کو ادا کی جائیں گی۔
برطانوی شاہی خاندان کے افراد کے علاوہ دیگر ملکوں کے شاہی خاندان کے افراد بھی ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی تدفین میں شرکت کریں گے،امریکی صدر جو بائیڈن، فرانسیسی صدر،ترک صدر،یورپی کمیشن،یورپی کونسل کے سربراہان سمیت دیگر عالمی رہنما بھی تقریب میں شریک ہوں گےجبکہ وزیراعظم شہبازشریف پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
No comments:
Post a Comment