چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نے چھ دن میں الیکشن کا اعلان نہیں کیا تو پھر تیاری سے نکلیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں قوم کو واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ میری کسی سے کوئی ڈیل نہیں ہوئی ہے۔اس شام ڈی چوک میں بیٹھ جاتا تو خون خرابہ ہونا تھا۔
انہوں نے کہا کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے ایمپورٹڈ حکومت کو کسی صورت برداشت نہیں کرینگے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میں نے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھا ہے جس میں پوچھا ہے کہ کیا ہمیں احتجاج کرنے کا حق ہے کہ نہیں وہ بھی ان چوروں کے خلاف۔ اسمبلیوں میں اس وقت ہونے والا ڈرامہ غیر قانونی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں عدلیہ سے سوال کرتا ہوں کہ کیا ہم بھیڑ بکریوں کی طرح حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کو مان لیں ؟ اس طرح ملک میں انتشار پھیلے گا۔ بسوں سے جس طرح وکیلوں اور عورتوں کو نکال کر مارا گیا ایسا تو پہلے کبھی نہیں ہوا۔ قوم کو پتہ چل جانا چاہیے کہ کون حق پر ہے اور کون ظلم کر رہا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے دباؤ میں آ کر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 30 روپے کا اضافہ کر دیا اتنا بڑا اضافہ کبھی بھی نہیں ہوا تھا۔ بیرونی طاقتیں چاہتی ہی نہیں کہ پاکستان اپنے قدموں پر کھڑا ہو حالانکہ ہم پر بھی آئی ایم ایف کا دباؤ تھا۔
No comments:
Post a Comment