6 دن کے الٹی میٹم پر مریم اورنگزیب کا عمران خان کو چیلنج - News Updates

Mechanical Engineering, Jobs,Cricket Live Match, News

Post Top Ad

Friday, May 27, 2022

6 دن کے الٹی میٹم پر مریم اورنگزیب کا عمران خان کو چیلنج

 

وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی کے چیئرمین  عمران خان کو چیلنج کیا ہے کہ 6 دن کا الٹی میٹم مت دیں، اب آپ 6 صدیوں کے بعد بھی اسلام آباد نہیں آ سکتے۔


اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک ناکام، نالائق، نااہل  اور چور شخص ہے، جو صرف پاکستان کی عوام کو بیوقوف بنا رہا ہے۔ انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان کو چیلج کرتے ہوئے کہا کہ اب آپ 6  دن کا الٹی میٹم مت دیں، اب آپ 6 صدیوں کے بعد بھی اسلام آباد نہیں آ سکتے، کیونکہ اب عوام آپ کیساتھ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا یہ کہنا کہ وہ تیاری کے ساتھ نہیں آئے تھے یہ ان کی ناکامی کا ثبوت ہے، دراصل عمران خان کی تیاری صرف اسلحہ اور ڈنڈے جمع کرنے پر تھی جو ان کے کارکنوں، ٹکٹ ہولڈرز اور عہدیداروں کے گھروں سے برآمد ہوئے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس کا انکشاف کیا تھا کہ یہ خونی انقلاب کی تیاری کر رہے ہیں لیکن عوام نے انہیں مسترد کر دیا۔

وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ جو مایوس اور ناکام ہو کر جاتا ہے وہ پریس کانفرنس نہیں کرتا یہ مشورہ بھی آپ کو کسی نے غلط دیا ہے، ناکام ہوکر آپ کو چاہئے کہ سکون کی گولی کھا کر آرام کریں اورشہباز شریف سے سیکھیں کہ حکومت کیسے کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم آپ کو مانیٹر کر رہے تھے، اسلام آباد ایف ایٹ داخل ہونے کے بعد 5 مرتبہ رکے اور آوازیں لگاتے رہے کہ پہنچو لیکن لوگ نہیں آئے، آپ سپریم کورٹ کے فیصلہ کی توہین کرتے ہوئے لوگوں کو ڈی چوک پہنچنے کا کہتے رہے لیکن لوگوں نے آپ کی غنڈہ گردی، تخریب کاری اور منفی سیاست کو مسترد کر دیا، املاک کو آگ لگانے، درخت جلانے اور پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملہ آور ہونے والوں کو عوام نے تسلیم نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد تمام رکاوٹیں دور ہو گئی تھیں لیکن اس کے باوجود آپ ناکام ہوئے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے پاس کوئی ربڑ کی گولی تک نہیں تھی اور تمام اہلکار غیر مسلح تھے جن پر آپ کے لوگوں نے تشدد کیا۔

انہوں نے کہا کہ 18 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں جبکہ میٹرو سٹیشن کو جلایا گیا، درخت جلائے گئے اور اپنی ناکامی کا غصہ آپ املاک پر نکالتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ چار سال کی حکومت کی ناکامی کے نتیجہ میں عوام مہنگائی اور بے روزگاری کو بھگت رہے ہیں، آپ نے چار سال میں عوام کو مافیاز کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا تھا اور وہ بوجھ ہمیں اٹھانا پڑ رہا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ خان صاحب آپ کو اس وقت سکون کی ضرورت ہے جو آپ کی ذہنی حالت ہو گئی ہے اس کیلئے سکون کی گولیاں کھائیں اور گھر پر رہیں، اداروں اور سپریم کورٹ کو دھمکیاں نہ دیں، نیوٹرلز نے بھی نیوٹرلر رہنے اور سپریم کورٹ نے آئین کے ساتھ کھڑے رہنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس میں کوئی شبہ نہیں ہونا چاہئے۔

No comments:

Post a Comment

Post Top Ad