اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت 6 روز میں عام انتخابات کرائے اور اگر ایسا نہیں ہوا تو اگلی مرتبہ 20 لاکھ لوگوں کے ساتھ اسلام آباد واپس آؤں گا۔
جناح ایونیو اسلام آباد میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ الیکشن کا اعلان اور اسمبلیاں تحلیل نہ کی گئیں تو وہ عوام کے ساتھ دوبارہ اسلام آباد آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کو انتشار کی طرف لے جارہی ہے۔ حکومتی ایما پر تحریک انصاف کے 2 کارکن شہید کیے گئے۔
عمران خان نے کہا کہ آزادی کی تحریک کو ناکام کرنے کیلئے ہر قسم کا طریقہ استعمال کیا گیا، کارکنوں نے جس طرح آنسو گیس کا مقابلہ کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہمارے رہنماؤں اور کارکنوں سمیت ہزاروں افراد گرفتار ہیں۔ سپریم کورٹ گرفتاریوں اور ڈی چوک، لبرٹی چوک پر آنسو گیس کی شیلنگ کا نوٹس لے۔
چیئرمین نے کہا میں ہمیشہ فیملیز کو اپنے جلسوں میں بلاتا ہوں، ہماری آزادی کی تحریک میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، میں خاص طور پر اپنی قوم کی خواتین کو سلام کرتا ہوں، امپورٹڈ حکومت نے تشدد کیا، ججز اور وکلا سے انصاف چاہتا ہوں۔انھوں نے کہا ڈیزل نے 2 دفعہ اسلام آباد آ کر دھرنا دیا، ڈیزل کو بجائے روکنے کے ہم نے کہا تھا اپنا کنٹینر دے دیتے ہیں، بلاول سندھ سے کانپیں ٹانگنے کے لیے چلا، کیا ہم نے اسے روکا؟ کتنی دفعہ ان چوروں کے ٹولوں نے ہماری حکومت گرانے کی کوشش کی، انھوں نے مظاہرے کیے، میں نے کبھی پکڑ دھکڑ کی نہ رکاوٹ ڈالی، انھوں نے ہمارے دور میں احتجاج کیے، کیا ہم احتجاج نہیں کر سکتے۔
خیال رہے کہ ڈی چوک پر موجود عوام رات بھر آنسو گیس کی شیلنگ کا سامنا کرتے رہے، صبح ہوتے ہی پولیس کی جانب سے ایک بار پھر شیلنگ کی گئی، تاہم شیلنگ رکتے ہی عوام پھر ڈی چوک پر جمع ہو گئے۔
No comments:
Post a Comment