امریکہ نے پاکستان کی نئی حکومت کو معیشت کی بحالی میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ خوشحال اور مستحکم پاکستان کی تعمیر کیلئے سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع بڑھانے کے طریقوں پر کام کرتے رہیں گے۔
خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کی معیشت کی تعمیر نو کیلئے حکومت کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرے گا۔ ترجمان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ امریکہ خوشحال اور مستحکم پاکستان کی تعمیر کیلئے سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع بڑھانے کے طریقوں پر دوطرفہ طور پر کام کرتا رہے گا۔
ترجمان نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی اپنے امریکی ہم منصب سے سلسلہ وار ہونے والی ملاقاتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ پاکستان کے آئی ایم ایف کے ہونے والے مذاکرات کا بھی خیر مقدم کرتا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب وزیر خارجہ بلاول بھٹو خصوصی دورے پر پاکستان سے نیویارک پہنچے ہیں، اور دوسری جانب پاکستان کے دوحہ میں آئی ایم ایف کیساتھ مذاکرات بھی جاری ہیں۔
No comments:
Post a Comment